مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکا میں دو دہائیوں کی شدید ترین سردی اور برف باری سے کئی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شمالی مشرقی امریکہ میں پہلے ہی برفانی طوفان کی وجہ سے دو فٹ تک برف گر چکی ہے اور یہ گذشتہ دو دہائیوں میں اس علاقے کا سب سے سرد موسمِ سرما قرار دیا جا رہا ہے۔ پیر کو سرد اور خراب موسم کی وجہ سے تقریباً 4500 پروازیں منسوخ کی گئیں اور اس سے پہلے اختتامِ ہفتہ کے دوران یہ تعداد ہزاروں تھی۔ امریکہ میں مونٹینا سے میری لینڈ کی ریاستوں تک ملک کی تقریباً نصف آبادی کے لیے انتہائی سرد ہواؤں کی تنبیہ جاری کی گئی ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ باہر نکلے تو ان کی جلد جم سکتی ہے۔ مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں بھی سردی کا راج بر قرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شکاگو، سینٹ لوئیس اور انڈیاناپولس میں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ وسط مغربی ریاستوں مونٹانا، شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، مینی سوٹا، آئیووا، وسکونسن، مشی گن اور نبراسکا میں درجہ حرارت منفی 20 سے چالیس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ مغربی اور وسطی شمالی ڈکوٹا میں منفی 51 سینٹی گریڈ کی سرد ہواوٴں کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے شہریوں کوتمام ترحفاظتی انتظامات اختیارکرنے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔کئی ریاستوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں اور کاروبار دوپہر تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مہر نیوز/8جنوری /2014ء:امریکا میں دو دہائیوں کی شدید ترین سردی اور برف باری سے کئی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
News ID 1832066
آپ کا تبصرہ